نئی دہلی،3جون؍(آئی این ایس انڈیا)مرکزنے متھرامیں قابضین اور پولیس کے درمیان ہوئی جھڑپ میں پولیس سپرنٹنڈنٹ اور ایک تھانہ انچارج سمیت24لوگوں کے مارے جانے کے بعدآج اترپردیش حکومت سے اس بارے میں ایک رپورٹ مانگی جبکہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ریاست کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو سے بات کی۔وزارت داخلہ نے ایک خط میں ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ کل ہوئے واقعہ کے بارے میں جلد سے جلد ایک وسیع حقائق رپورٹ مہیا کرائے۔واقعہ اس وقت ہوا جب الہ آبادہائی کورٹ کی ہدایات پر پولیس غیر قانونی کے قبضے کو جواہر باغ سے ہٹانے کی کوشش کر رہی تھی۔سنگھ نے یادو سے بات کی ہے اورمتھرا میں صورت حال کا جائزہ لیا ہے۔سنگھ نے کہا کہ میں نے انہیں مرکز سے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دیا ہے۔وزیرداخلہ نے متھرا میں ہوئے حادثے کو لے کر دکھ کا اظہار کیا۔